بدھ 19 فروری 2025 - 14:49
ماہ رمضان میں احکام شرعی پر خصوصی توجہ دی جائے: حجت الاسلام والمسلمین محمد حسین فلاح زادہ

حوزہ/ حجت الاسلام والمسلمین محمد حسین فلاح زادہ نے تاکید کی ہے کہ مبلغین، ماہ مبارک رمضان میں احکام شرعی بیان کرنے کو ترجیح دیں اور روزے کے احکام و فضائل کو خصوصی طور پر بیان کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، "ادارہ موضوع شناسی احکام فقهی" کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین محمدحسین فلاح زادہ نے "طلیعہ رمضان 1446 ہجری قمری" کے عنوان سے منعقدہ نشست میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مبلغین کی بنیادی ذمہ داری دین کی تبلیغ ہے، جسے قرآن کریم نے بھی "تفقہ فی الدین" کے طور پر بیان کیا ہے۔ انہوں نے مبلّغین پر زور دیا کہ وہ اپنی تبلیغی ذمہ داری کو پوری توجہ کے ساتھ انجام دیں اور عوام کو احکام شرعی سے آگاہ کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ احکام شرعی کی تعلیم کو نظرانداز نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد دینی مسائل کے بارے میں سوالات رکھتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ قومی سطح پر دینی سوالات کے جوابات کے لیے قائم مرکز میں 80 فیصد سوالات فقہی احکام سے متعلق ہوتے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام کو اس حوالے سے رہنمائی کی شدید ضرورت ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین فلاح زادہ نے روزہ توڑنے کے مسئلے پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جس طرح حجاب کے معاملے میں حساسیت پائی جاتی ہے، اسی طرح علنی روزہ نہ رکھنے ارو ٹوزہ توڑنے کے خلاف بھی سنجیدہ اقدام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے والدین کو متنبہ کیا کہ وہ اپنے بالغ بچوں کو روزے سے نہ روکیں بلکہ انہیں اس کی ادائیگی کے لیے تیار کریں، تاکہ وہ دین کے بنیادی احکام پر عمل کرسکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ روزہ صرف ایک دینی فریضہ ہی نہیں بلکہ اس کے بے شمار طبی فوائد بھی ہیں۔ انہوں نے اس حوالے سے طبی ماہرین کی تحقیق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جدید سائنسی مطالعات بھی اس امر کی تائید کرتے ہیں کہ روزہ انسان کی جسمانی صحت کے لیے فائدہ مند ہے۔

حجت الاسلام والمسلمین فلاح زادہ نے نماز مسافر، مریضوں کے لیے روزہ رکھنے کے احکام اور روزے کی قضا و کفارہ کے مسائل پر بھی گفتگو کی۔ انہوں نے تاکید کی کہ جن افراد پر روزے کی قضا واجب ہے، وہ اگلے رمضان سے پہلے اسے ادا کریں۔ اسی طرح، کفارہ کے معاملے میں بھی شرعی تقاضوں کو مدنظر رکھا جائے اور ایسے افراد کو طعام مہیا کیا جائے جنہیں اس کی ضرورت ہو۔

آخر میں انہوں نے مبلغین کو نصیحت کی کہ وہ اپنی تقاریر میں اخلاقی و دینی مسائل کے ساتھ ساتھ موجودہ دور کے چیلنجز اور اسلامی دنیا کے حالات پر بھی روشنی ڈالیں تاکہ عوام میں شعور اجاگر ہو اور وہ دینی و سماجی مسائل میں بہتر طور پر آگاہ رہ سکیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha